Sunday 21 June 2020

بہ ‏شکریہ ‏آئینہ ‏: ‏دی ‏مِرر ‏

بہ شکریہ آئینہ دی مرر https://www.aainathemirror.in

علم ‏التصوّف ‏: ‏الله ‏اور بندے کے ‏روحانی ‏تعلق ‏کی ‏بُنیاد ‏

عِلم التصوّف : الله اور بندے کے روحانی تعلق کی بنیاد ۔۔ 

یہاں اس بات کا موقع نہیں کہ یہ بحث کی جائے کہ تصوّف کا ہندی ، ایرانی ، یونانی ، عیسائی یا اسلامی پسِ منظر کیا ہے ، تاریخِ اسلام میں تصوّف کی حیثیت ایک ایسے مستقل ادارے کی رہی ہے جس کے اثرات ہمہ گیر اور مختلف النوع رہے ہیں ، آج سے پچاس ساٹھ برس پہلے تک مغرب کے بعض مستند عالموں نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ اسلام میں تصوّف کی ابتدا محض عجمی و عیسائی اثرات کے تحت ہوئی اور ان کا یہ نظریہ خاصا مقبول بھی ہوا لیکن در حقیقت صورتحال ایسی نہ تھی جیسی کہ ان لوگوں نے پیش کی تھی ۔ 

اب یہ بات ثابت ہو چکی ہے اور اس امر میں کسی کو شک نہیں رہا کہ اسلام میں احسان اور تزکیہ نفس کا جو قوی عنصر ہے ، جس پر خدا اور بندے کے مابین اس گہرے روحانی تعلق کی بنیاد ہے جو مزہب کا مقصود اصلی ہے ، اسی پر اسلامی تصوف کی اصلی عمارت قائم ہے ۔ اس عمارت میں بعد میں جو توسیع ہوئی اور بعض متوسطین و متاخرینِ صوفیاء کے عہد میں اس میں جو نقش و نگار بنائے گئے ان میں سے بعض چیزیں اسلامی تصوّف سے میل نہیں کھاتیں ، ورنہ حقیقت یہ ہے کہ اسلامی تصوّف کی بنیاد قرآن کی تعلیمات ، احادیثِ نبویؐ ، صحابہؓ کی پاک سیرت و زندگی ، تابعین اور تبع تابعین (رحمتہ اللہ عنہم اجمعین) کی پاک سیرت پر ہے ۔ اس سلسلے میں خود لفظِ صوفی کے متعلق طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی گئیں لیکن اب مشرق اور مغرب دونوں جگہ اس امر پر اتفاق ہو گیا ہے کہ لفظ "صوفی" صوف (پشمینہ) سے ہے ۔

کتاب ' للّمع فی التصوّف ' جو ابو نصر سرّاج کی تالیف ہے، اس موضوع پر قدیم ترین کتاب ہے ، اس کتاب میں سراج نے لکھا ہے کہ : 

" کسی پوچھنے والے نے پوچھا کہ اصحابِ حدیث کی نسبت حدیث اور فُقہا کی نسبت فِقہہ سے ہے ، اسی طرح زہاد کی نسبت زہد سے ، متوکلین کی نسبت توکّل سے اور صابرین کی نسبت صبر سے ہے ، لیکن صوفیہ کی نسبت کس سے ہے ؟؟ 
جواب ملا کہ صوفیہ کی نسبت نہ کسی علم سے ہے اور نہ کسی حال سے ، وہ در حقیقت تمام عُلوم کے معدن اور تمام نیک اعمال و اخلاق کے مخزن ہیں ۔ وہ مسلسل ایک حال سے دوسرے حال کی طرف بڑھتے رہتے ہیں اور ان کی غالب خصوصیات لمحہ بہ لمحہ بدلتی رہتی ہے ، اس لئے انہیں ان کے احوال میں کسی ایک حال سے منسوب نہیں کیا جا سکتا ۔ 
(لفظ صوفی) کی نسبت صوف سے ہے کہ انبیاء ، اولیاء اور اصفیا کا لباس تھا ۔ کیا تمہیں علم نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسٰی علیہ السلام کے خاص احباب کی ایک جماعت کو ان کے لباس کی طرف منسوب فرمایا ہے اور انہیں حواری فرمایا ہے :  ( وَاِذْ قالَ الحوّارَیّونْ ۔۔۔۔۔ )
اور حوّاری کے معنی سفید لباس والوں کے ہیں ۔ 
پوچھنے والے نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہؓ کے زمانے میں کسی صوفی لفظ کا ذکر نہیں ملتا ۔۔۔۔
جواب دیا گیا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں اگر یہ لفظ نہیں ملتا تو اسکی وجہ یہ ہے کہ صحابی سے بڑھکر کوئی اور محترم اور معزز لفظ نہ تھا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ بات کہ اہلِ بغداد نے اس لفظ کو اختیار کیا غلط ہے ۔ حسن بصری رحمتہ اللہ علیہ اور سفیان ثوری ؒ کے عہد میں بھی یہ لفظ رائج تھا ۔ حسن بصری ؒ  سے روایت ہے کہ انہوں نے ایک صوفی کو (حرم میں) طواف کرتے دیکھا ، انہوں نے اسے کوئی چیز دینی چاہی پر اس نے لینے سے انکار کر دیا ۔ سفیان ثوری ؒ  سے روایت ہے کہ اگر ابو ہاشم صوفی نہ ہوتے تو مجھے ریاکاری کی باریکیاں نہ معلوم ہو سکتیں ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اسلام سے پہلے بھی لوگ اس لفظ سے آشنا تھے " 

اہلِ علم حضرات نے لکھا ہے کہ مومنین میں ان اولوٰالعلم کا مرتبہ جو قائمین باالقسط ہیں ، بلند و برتر ہے اور یہی لوگ انبیاء کے جاں نشین ہیں ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو کتاب اللہ کا سر رشتہ مضبوطی سے تھامنے والے ، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی میں پورے طور پر کوشاں اور صحابہؓ اور تابعین کے نقشِ قدم پر چلنے والے اور اولیاءاللہ متّقین اور صالحین کی راہ اختیار کرنے والے ہیں ۔ 

سراج نے ایسے لوگوں کو تین طبقات میں تقسیم کیا ہے  : 
1. اصحاب الحدیث 
2. فقہا
3. صوفیہ 

حضراتِ صوفیہ کے معتقدات بھی وہی ہیں جو اصحابِ حدیث اور فُقہا کے ہیں ، انہوں نے ان کے علوم کو قبول کیا اور ان کی تشریحات و مفاہیم کی مخالفت نہیں کی ۔ کیونکہ یہ بدعت اور نفسانیت ہوتی ۔ صوفیہ کا ایک خاص وصف یہ ہے کہ وہ اپنی عبادت ، اطاعت اور اخلاقِ جمیلہ کے سہارے درجاتِ عالیہ اور منازلِ رفیعہ کو طئے کرتے ہیں ۔ یہ خصوصیت ان لوگوں میں نہیں پائی جاتی جو محض عالم ، فقہہ اور اصحابِ حدیث ہیں ۔ صوفیہ کی خصوصیت اور انفرادیت یہ ہے کہ وہ فرائض کی ادائیگی اور محارم سے اجتناب کے علاوہ ہر اس لایعنی چیز کو ترک اور ہر اس تعلق کو منقطع کرتے ہیں ،جو ان کے اور انکے مطلوب و مقصود کے مابین حائل ہوتا ہے اور ان کا مطلوب و مقصود اللہ کے سوا کچھ نہیں ہوتا ۔ ان کے آداب و احوال مختلف ہوتے ہیں ،مثلاً ان میں قناعت ہوتی ہے اور کھانے پینے، لباس و دنیاداری کے دوسرے معاملات میں نہایت اختصار سے کام لیتے ہیں ۔ بس وہ اتنے ہی پر اکتفا کرتے ہیں جتنے کی اشد ضرورت ہوتی ہے ۔ وہ اپنی مرضی سے غنا کے بجائے فقر اختیار کرتے ہیں، جاہ و مرتبے اور قوت و اقتدار سے منھ پھیر لیتے ہیں ۔ خلق پر شفقت کرتے ہیں ، ہر چھوٹے بڑے سے تواضع و انکسار سے پیش آتے ہیں ۔ ایثار سے کام لیتے ہیں، اپنی طاعت و عبادت میں مخلص ہوتے ہیں ، نیکی اور خیر کی راہ میں تیزگام ہوتے ہیں ۔ توجہ الی اللہ کے لئے ہمہ وقت بیچین رہتے ہیں ، قضائے الٰہی پر راضی رہتے ہیں ، مجاہدہ کی مداوات اور نفس کی مخالفت پر جمے رہتے ہیں ۔ 

حضرت جنید بغدادی رحمتہ اللہ علیہ کے شاگرد رشید حضرت ابوبکر شبلی ؒ نے فرمایا پرہیزگاری تین طرح کی ہوتی ہے : 

1. زبان سے 
2. ارکان سے (اعضاء و جوارح) 
3. دل سے 

زبان کی پرہیزگاری یہ ہے کہ جس امر سے کچھ تعلق نہ ہو اس میں انسان خاموش رہے ۔ ارکان کی پرہیزگاری یہ ہے کہ شبہات چھوڑ دئے جائیں اور جن چیزوں سے شک پیدا ہوتا ہے انہیں چھوڑ کر اس چیز کی طرف رجوع کیا جائے جس میں شک و شبہہ نہیں اور دل کی پرہیزگاری یہ ہے کہ ذلیل و حقیر ارادوں اور برے خیالات سے پیچھا چھڑا لیا جائے ۔ ایک موقع پر شبلی ؒ نے فرمایا کہ صوفی اس وقت صوفی ہوتا ہے جب ساری خلقت کو اپنی عیال خیال کرے یعنی اپنے آپ کو سب کا کفیل اور بوجھ اٹھانے والا سمجھے ۔ 

شریعت ، طریقت اور حقیقت کا فرق اس طرح واضح کیا : شریعت یہ ہے کہ تو خدائے عزّوجل کی عبادت کرے ، طریقت یہ ہے کہ تجھے اس کی طلب ہو اور حقیقت یہ ہے کہ تو اس کو دیکھے ۔ 

حضرت شبلی ؒ کے یہ اقوال تصوّف کی بنیادی باتیں ہیں : 

1. آزادی دل کی آزادی ہے اور بس ۔
2. مُحبّ اگر خاموش ہوا اور عارف اگر نہ خاموش ہوا تو ہلاک ہوا ۔ 
3. شکم منعم کی طرف دیکھنے کا نام ہے نا کہ نعمت کی طرف ۔
4. دل ، دنیا اور آخرت دونوں سے بہتر ہے کیونکہ دنیا محنت کا گھر ہے اور آخرت نعمت کا جبکہ دل معرفت کا گھر ہے ۔ 
5. ہزار ہا سال کی عبادت میں ایک وقت کی غفلت بھی رسوائی ہے ۔
6. عبادت کی زبان علم ہے اور اشارت کی زبان معرفت ہے ۔ 

سماع کے بارے میں شبلی ؒ کا بھی وہی خیال تھا جو آپکے مُرشد حضرت جنید بغدادی ؒ  کا تھا کہ سماع کے لئے تین چیزوں کی ضرورت ہے : زمان ، مکان اور اخوان (دوست). 

حضرت جنید ؒ سے یہ بھی روایت ہے کہ جس نے تکلفاً سماع کو چاہا اس کے لئے یہ فتنہ ہوگا مگر جسے خود بخود یہ حاصل ہوا اس کے لئے سماع راحت ہے ۔ 

جناب شبلی ؒ سے سماع کے بارے میں پوچھا گیا تو کہا کہ اس کا فتنہ ظاہر ہے اور باطن عبرت یعنی جس شخص کو رموزِ باطن کی معرفت حاصل ہو وہی اس کے ذریعے عبرت حاصل کر سکتا ہے ورنہ وہ مصیبت میں پڑ جائے گا ۔ 
کسی نے شبلی ؒ سے عرض کیا کہ بعض لوگ سماع سنتے ہیں مگر باوجود اس کے کہ کچھ نہیں سمجھتے انہیں حال آ جاتا ہے ایسے لوگوں کی نسبت آپکی کیا رائے ہے؟؟  
جواب میں آپنے چند اشعار پڑھے جن سے حقیقتِ حال واضح تھی ۔ ان اشعار کا خلاصہ یہ ہے : 
" ہمارے صحن میں ایک کبوتر کی آواز آ رہی ہے جس میں درد اور کسک ہے ، وہ بھی کسی کی شکوہ سنج ہے لیکن میں سمجھ نہیں پاتا ، میں بھی کسی کی شکایت کرتا ہوں جسے وہ سمجھ نہیں پاتی مگر دونوں کو اس بات کا احساس ہے کہ ہم عشق کے مارے ہوئے ہیں ، وہ محبت کے درد سے روئی اور اس سے میرے غم میں حرکت پیدا ہو گئی " ۔۔۔۔ 

پہلے بتایا جا چکا ہے کہ صوفیہ کا خاص موضوعِ فکر و بحث " توحید " تھا اور وہ عام طور پر اپنے معاصرین میں " اربابِ توحید " کے نام سے مشہور تھے ۔ ایک صوفی کے مزہبی تجربے میں یہ احساس بنیادی اہمیت کا حامل ہے کہ خدا اور بندے کے درمیان ایک عظیم فاصلہ ہے اور یہ احساس اس کے شعور و ادراک پر چھایا رہتا ہے ، صوفیہ کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ اس فاصلے کو عبور کر جائیں اور در حقیقت اسی کا نام تصوّف ہے ۔ فکر ، ریاضت اور زندگی کے طریقوں اور اظہارِ بیان میں صوفیہ کے مابین اختلاف ہو سکتا ہے اور ہوتا رہا ہے لیکن سب کا مقصود ایک ہی ہوتا ہے اور وہ یہ کہ انہیں قُربِ الہیٰ حاصل ہو جائے یعنی وہ فاصلہ کم سے کم یا دور ہو جائے جو خدا اور بندے کے درمیان حائل ہے ۔ 

حضرت جنید بغدادی ؒ نے تصوّف کی ماہئیت کے بارے میں جو کچھ کہا اس میں یہ بھی ہے کہ " انسان خدا کے ساتھ اس طرح رہے کہ اس کا پھر کسی دوسری ہستی سے کوئی تعلق باقی نہ رہے اور یہ کہ تصوّف ایک سعی مسلسل ہے جس میں انسان ہمیشہ مشغول رہتا ہے " ۔۔۔۔ 

پوچھا گیا کہ یہ حق کی صفت ہے یا خلق کی؟؟ جواب ملا کہ " اصل کے اعتبار سے تو یہ حق کی صفت ہے لیکن حالتِ انعکاس میں یہ خلق کی صفت بن جاتی ہے یعنی انسان کی تمام صفات دراصل عکسی صفات ہیں "  ۔ ہجویری نے اس بات کی وضاحت یوں کی ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ توحید کی حالت میں انسانی صفات باقی نہیں رہتیں کیونکہ انہیں بقا نہیں ، محض عکس ہیں ۔ 

ایک سچے صوفی ، زاہد اور عبادت گزار کی یہ تمنا کہ وہ اپنے دنیوی اور غیر حقیقی وجود کو خیرباد کہہ کر اپنی ابتدائی حالت کی طرف لوٹ جائے ، تصوف کی روح ہے اور اللہ تعالیٰ کے ایسے خاص اور عبادت گزار بندوں کا حال ہمیں معلوم ہے جو اپنی انفرادیت کھو کر توحیدِ حقیقی کے اسرار کی لذّت سے بہرہ یاب تھے لیکن وہ یہ چیز نہیں کہ بندہ محض اپنی کوشش سے حاصل کر لے ، یہ چیز خدا کی نصرت و تائید ہی سے حاصل ہو سکتی ہے ۔ یہ گویا انعام ہوتا ہے اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے خاص اور برگزیدہ بندوں پر ..... 

 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جس نے میرے کسی ولی سے دشمنی کی اسے میری طرف سے اعلان جنگ ہے اور میرا بندہ جن جن عبادتوں سے میرا قرب حاصل کرتا ہے اور کوئی عبادت مجھ کو اس سے زیادہ پسند نہیں ہے جو میں نے اس پر فرض کی ہے  ( یعنی فرائض مجھ کو بہت پسند ہیں جیسے نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ )  اور میرا بندہ فرض ادا کرنے کے بعد نفل عبادتیں کر کے مجھ سے اتنا نزدیک ہو جاتا ہے کہ میں اس سے محبت کرنے لگ جاتا ہوں۔ پھر جب میں اس سے محبت کرنے لگ جاتا ہوں تو میں اس کا کان بن جاتا ہوں جس سے وہ سنتا ہے، اس کی آنکھ بن جاتا ہوں جس سے وہ دیکھتا ہے، اس کا ہاتھ بن جاتا ہوں جس سے وہ پکڑتا ہے، اس کا پاؤں بن جاتا ہوں جس سے وہ چلتا ہے اور اگر وہ مجھ سے مانگتا ہے تو میں اسے دیتا ہوں ....... 

محبوب الاولیاء مولانا شاہ محمد قاسم عثمانی فردوسی سملوی رحمتہ اللہ علیہ " تصوّف و احسان " کی حقیقت پر بڑی وضاحت سے روشنی ڈالتے ہیں ، چنانچہ آپکا ارشاد ہے : 

" تصوّف سراپا عمل ہے،  تصوّف اتباع نبوی علیہ الصلوٰۃ والسلام کا نام ہے " 

پھر فرماتے ہیں : 

" تصوّف میں منازل و مقامات اور فنا و بقا کی اصطلاح نظری نہیں بلکہ عملی ہے ، اسی طرح ذکر ، شغل و مراقبہ بھی صرف ذہنی چیز نہیں بلکہ ساراپا عمل ہے " 

تصوف کیا ہے؟؟  عموماً لوگ اسے ہندوانہ جوگ یا نصرانی رہبانیت سے تعبیر کرتے ہیں ، آپ فرماتے ہیں : 

" تصوّف نہ ہندوانہ جوگ ہے اور نہ نصرانی رہبانیت ۔۔۔۔۔۔ تصوّف ماسویٰ اللہ سے دلی تعلق کو قطع کر کے خدا کی طرف یکسو کر دینے کی تعلیم دیتا ہے ۔ تصوّف مادی نعمتوں کا ترک کرنا نہیں سکھاتا بلکہ ان کا صحیح استعمال بتاتا ہے ۔ حقیقت میں اسلامی تصوف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صوری و معنوی پیروی کا نام ہے " ۔۔۔۔۔

ایک دوسری جگہ فرماتے ہیں : 

" شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ ایمان بالله کا نام شریعت ہے اور اتباع نبوی کا نام طریقت " 
اس کی وضاحت میں آپ آگے لکھتے ہیں : 

" الغرض ارشاداتِ نبویؐ کا نام شریعت ہے ، افعالِ نبویؐ کا نام طریقت اور احوالِ نبویؐ کا نام حقیقت ہے ۔ پس تصوّف آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ظاہری و باطنی پیروی کا نام ہے اور بس " ۔۔۔۔ 

اسی طرح " آغازِ طریقت " کے حوالے سے آپکا ارشاد ہے کہ : 

" آغازِ طریقت یہ ہے کہ شریعت کی رخصتوں اور آسانیوں سے اپنے آپ کو بچایا جائے اور شریعت کے احسن اور مستحبات حکموں کو اپنے اوپر لازم کیا جائے " ۔۔۔۔ 

" سلوک کی حقیقت " کی نشاندہی اس طرح فرماتے ہیں : 

" سلوکِ طریقت سے مراد تہزیب الاخلاق ہے ، طالب کے لئے ضروری ہے کہ ہر قسم کی بری اور خسیسس صفتوں : بخل ، حسد ، غرور ، خود بینی ، ریا ، مکر وغیرہ کو دور کر کے اچھے اوصاف : سخاوت ، اخلاص ، عجز ، تواضع وغیرہ کو اپنے اندر پیدا کرے تاکہ " وصول " کی استطاعت میسر آئے " ۔۔۔۔۔۔۔ 

اسی حوالے سے اپنے ایک مخلص عزیز کو اس طرح نصیحت کرتے ہیں : 

" تلاوت قرآن مجید سے بڑھکر کوئی وظیفہ نہیں ، درود سے بڑھکر کوئی دعا نہیں ، لا اله الا الله سے بڑھکر کوئی ذکر نہیں اور الله عزوجل کو حاضر و ناظر جاننے سے بڑھ کر کوئی مراقبہ نہیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کو اپنی عبادت کی توفیق بخشے اور اتباع سنت کی ہمت عطا فرمائے "۔۔۔۔۔   اٰمین ۔ 

آج کے دور میں تصوّف و احسان اور سلوک کا موضوع بڑا نازک بن گیا ہے ، اس کی نِت نئی تعبیریں ہیں جو مختلف حضرات مختلف الفاظ ، نقطہ نظر اور اپنے اپنے انداز سے کرتے ہیں ، لیکن واقعہ یہ ہے کہ مسلمانوں میں ابتدا سے ایک ایسا گروہ موجود ہے جس نے تمام مقاصدِ دنیوی سے قطعِ نظر کر کے اپنا نصب العین محض یادِ خدا اور ذکرِ الٰہی کو رکھا اور صدق و صفا ، سلوک و احسان کے مختلف طریقوں پر عامل رہا ، یہی گروہ رفتہ رفتہ گروہِ صوفیہ کہلایا اور اس کے مسلک کا نام " مسلکِ تصوّف پڑ گیا " ... 

موجودہ دور میں تصوف کی مسخ شدہ شکل ، جو عام طور پر نظر آتی ہے وہ اسلامی اور غیر اسلامی عناصر کا ایک معجونِ مرکب بن گئی ہے ۔۔۔ جس کے اسلامی اجزاء غیر اسلامی افکار و نظریات کے دھندلکوں میں چھپ کر رہ گئے ہیں ، سچ تو یہ ہے کہ اسلامی تصوّف وہ ہے جو خود حضرت سرورِ کائنات صلی الله عليه وسلم کا تھا ، جو حضرت ابوبکر صدیقؓ و حضرت علی مرتضیٰ ؓ کا تھا ، جو حضرت سلمان فارسی ؓ اور حضرت ابوذر غفاری ؓ کا تھا اور جس کی تعلیم حضرت جنید بغدادی ؒ شیخ عبد القادر جیلانی ؒ ، شیخ شہاب الدین سہروردی ؒ  ، خواجہ معین الدین چشتی ؒ ، محبوبِ الٰہی حضرت نظام الدین اولیاء دہلوی ؒ اور مخدوم الملک حضرت شیخ شرف الدین احمد یحییٰ منیری ؒ نے دی ۔۔ صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین ، تابعین ؒ اور تبع تابعین ؒ کی طرح صلحاء اور اخیارامت کی زندگی بھی ہمارے لئے اسوہ اور نمونہ ہے ۔ ان اہلِ دل بزرگوں کے حالات کو جاننا اور ان کی حقیقی اسلامی تعلیمات کی واقفیت بہم پہنچانا ، ہماری سعادت کا باعث ہے ۔۔۔۔۔۔  



بحوالہ : 

کتاب ' للّمع فی التصوّف ' از شیخ ابو نصر سراج ( م 378 ھ)  (باب 1 ، 9 ، 10 ، 11 ) 

حضرت جنید بغدادی ؒ  سیرت و شخصیت مع اردو ترجمہ ' معالی الہمم ' از ضیاء الحسن فاروقی ۔ 

رسالہء قشیریہ باب 49 بعنوان " سماع " ۔۔ 

صحیح بخاری ( کتاب الرقاق ، باب التواضع ) صحیح حدیث 6502 ۔۔ 

حیاتِ دوام - سوانح مصلح امت محبوب الاولیاء حضرت مولانا شاہ محمد قاسم عثمانی فردوسی رحمتہ اللہ علیہ از طیّب عثمانی ندوی ۔ ( بابِ دوم - سلوک و تصوّف کی حقیقت)  



از : شبلی فردوسی ۔۔ 
اورنگ آباد (بہار) 
ایم - اے (اردو) جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی)  و مگدھ یونیورسٹی (بودھ گیا) .. 

Saturday 20 June 2020

غزل

پہلے بگڑے تھے پھر سُدھارا ہے 
اپنے ہاتھوں سے خود کو مارا ہے ۔۔ 

اتنی آساں نہیں محبت بھی 
اس کا اک وار بھی کرارا ہے ۔۔۔ 

ڈھونڈنے سے نہیں ملا ہمدم 
کہنے کو یہ جہان سارا ہے ۔۔۔ 

دل کے زخموں کا نہ کرو مرہم
رفتہ رفتہ اسے سنوارا ہے ۔۔ 

راستہ چھوڑو مجھ کو جانے دو 
میری وحشت نے پھر پکارا ہے ۔۔ 

تیری بانہیں تجھے مبارک ہوں
مجھ کو تنہائی کا سہارا ہے ۔۔ 

میری دنیا میں روشنی کا دیا 
کالی پرچھائیں کا اشارہ ہے ۔۔ 

تم تو رعنائیوں کا مُژدہ ہو 
میرا یہ دشت ہی نظارہ ہے ۔۔

میری خوشیوں کی تم دعا نہ کرو
میرا غم جان سے بھی پیارا ہے ۔۔ 

خون تھوکا ہے اس لئے اکثر ،
یہ جو دل ہے نا وہ ہمارا ہے ۔۔ 

جس کی ہیبت سے کانپ جاتے ہو 
میرے دریا کا وہ کنارا ہے ۔۔ 

وہ جو خاموش شخص ہے شبلی
اِک بھڑکتا ہوا شرارا ہے ۔۔ 

از : شبلی فردوسی ۔۔۔ 

Thursday 18 June 2020

غزل ‏

یہ جو دیوانگی سی طاری ہے 
یہ مسلسل سی بےقراری ہے ۔۔ 

 زندگی بس میں ہو نہ ہو میری 
موت پر اپنی اختیاری ہے ۔۔ 

مشورہ آپکا ہے نیک مگر 
پر سماعت پہ میری بھاری ہے ۔۔ 

زندگی روز ہی سسکتی ہے 
اور یہ عُمر اب بھی جاری ہے ۔۔ 

زنگ آلود ہے یہ آئینہ 
میری آنکھوں میں دنیا داری ہے ۔۔ 

میرے جینے کی مشکلیں یہ ہیں 
میری ہر سانس مجھ کو بھاری ہے۔۔ 

مجھ کو میرے جنوں نے گھیرا ہے 
 کیفیت اور بھی اضطراری ہے ۔۔ 

غیر تو غیر ہی تھے شکوہ کیا 
میں نے یہ جنگ خود سے ہاری ہے ۔۔ 

تجھ سے غافل رہوں تو مر جاؤں
جسم پر روح کی سواری ہے ۔۔ 

جب بھی چاہوں گا میں بلا لوں گا 
موت سے گہری اپنی یاری ہے ۔۔ 

میرا جو دل ہے وہ تمہارا ہے 
اور یہ زیست بھی تمہاری ہے ۔۔ 

اپنے مصرعوں پہ حق نہیں ہم کو 
تم سے ہی شاعری ہماری ہے ۔۔ 

آنکھوں میں خون کے جو قطرے ہیں 
شاید اب موت کی ہی باری ہے ۔۔ 

اس سے پہلے کہ دم نکل جائے  
آ بھی جا تیری انتظاری ہے ۔۔ 

اپنے دشمن بنے ہو کیوں شبلی 
کس لئے اب یہ شب بیداری ہے ۔۔ ؟؟ 

از : شبلی فردوسی ۔۔۔ 

شرم ‏تم ‏کو ‏مگر ‏نہیں ‏آتی ‏

عید آئی اور گزر گئی، صورتحال ہم سب کے سامنے ہیں ۔ کیا واقعی عید کی خوشیاں تھیں؟؟ کیا سچ میں ہماری عید یہی ہے؟؟  بہرحال کم و بیش ہر ایک دل ایک انجانے سے کرب میں مبتلا ہے ، میں اس اذیت کو کوئی نام نہیں دینا چاہتا ۔ خیر اس موضوع کی طرف نہیں جاؤں گا ، بات لمبی ہو جائے گی ۔ 

تحریر کا مقصد کچھ اور ہے جو اس لاک ڈاؤن میں مسلسل محسوس کرتا رہا ، خاص طور پر رمضان کے مہینے میں تو آنکھوں سے دیکھا اور تجربہ کیا اور وہ یہ کہ ہمارے مابین الحمد اللہ مال والوں کی بہتات ہے  ۔ معاشرے میں ایسے صاحبِ زر کی کوئی کمی نہیں جنہیں اللہ نے اپنے کرم سے خوب نوازا ہے اس کے باوجود وہ بیچارے محتاج ہیں ، در حقیقت وہ صاحبِ زر نہیں بلکہ صاحبِ زیر ہیں ۔
 انکی ہوس نے انہیں اس قدر محتاج بنا دیا ہے کہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا اور غرباء کی مدد کرنا تو دور وہ اپنی ہوس کے ہاتھوں اتنا معذور ہو چکے ہیں کہ خود ہاتھ پھیلانے پر مجبور ہیں، ایسے لوگوں کو کیا کہا جائے؟؟
 
 یہ بھی ایک الگ گروہ ہے جن کا تعلق ایک خاص زمرے سے ہے جن کے بارے میں اللہ رب العزت نے قرآن کریم میں فرمایا ہے کہ
(الذي جمع مالا وعددة ) یعنی یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے مال جمع کیا اور اسے گن گن کر رکھا ، ثلیث زبان میں یہ کہ اس مال پر وہ سانپ بن کر بیٹھ گۓ -
جہاں تک مال یا جائداد کا تعلق ہے تو شرعاً یہ اللہ کی وہ امانت ہے جس میں ہمیں تصرف کا حق تو حاصل ہے مگر اسکی حد معین ہے اس اضافے کے ساتھ کہ ہمارے مال میں غرباء اور مساکین کے حقوق متعین ہیں اور اگر ہم ان کے حقوق سے گریز کریں تو گویا کہ ہم اللہ کے حدود کو لانگھتے ہیں اور ہمارا شمار بھی ان ہی ظالموں میں ہے جن کے بارے میں اللہ عزوجل نے قرآن مقدس میں فرمایا ہے کہ ( ومن يتعدٌ حدوداللّه فاولٓئك هم الظٌالمون) يعني جو لوگ اللہ کے حدود کو پار کرتے ہیں وہ ظالم ہیں --- 

ترس آتا ہے ان بیچاروں کے حال پر جنہیں بخیل کہنا بھی شاید موزوں نہیں ، یقیناً انہیں اس سے بھی بڑے اعزاز سے نوازا جانا چاہئے ۔ وہ جن کے کالر تو سفید  ہیں مگر قلب سیاہ ، وہ جو شہر اور محلے کی گلیوں میں سر اٹھا کے پھرتے ہیں مگر انکا قد بیحد پست و بونا ہے اور وہ جو بظاہر زندہ نظر آتے ہیں مگر ان کا ضمیر مُردہ ہو چکا ہے ۔ 

#شرم تم کو مگر نہیں آتی ۔  

صد ہزار شکر کہ وہیں دوسری طرف ماشاءاللہ ایسے ہمنوا بھی ہیں جن کے پاس کچھ بھی نہیں مگر حوصلہ ہے، اللہ نے انہیں جتنا بھی بخشا ہے اس میں وہ نہ صرف اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں ضرورت مند کا خیال بھی رکھتے ہیں اور انکی مدد اپنا عین فریضہ سمجھتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان کے
مال میں خوب برکت دے اور تمام نیک اعمال کا اجر دے ۔ اٰمین 
بےشک یہی دین ہے اور یہی دین کی راہ ۔ 

دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں غنی بنائے اور ایسے مال سے اپنے پناہ میں رکھے کہ جس کو پانے سے ہم محتاج ہو جائیں ۔ اٰمین 

شبلی فردوسی ... 
ایم - اے (اردو) جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی و مگدھ یونیورسٹی،  بودھ گیا ۔۔ 

دعائے ‏شبلی ‏

دعا : 

یا ساری الجھنوں سے خدایا نکال دے
یا مجھ کو میرے درد کے سانچے میں ڈھال دے۔

یا خلق کی تڑپ سے تو آگاہ کر مجھے 
یا سینے سے  میرے تو میرا دل نکال دے ۔۔ 

یا  ریزہ ریزہ کر کے فضا میں بکھیر دے 
یا منتشر سے قبل مجھے تو سنبھال دے ۔۔ 

یا میرے جُرم کے لئے بدحال کر مجھے
یا تو خطا مُعاف کر اور اچھا حال دے ۔۔ 

یا اس جہانِ فانی میں بھٹکا کے چھوڑ دے
یا گُمرہی کی راہ سے مولا نِکال دے ۔۔ 

یا مجھ سے میری قوتِ گُفتار چھین لے 
یا مجھ کو کوئی نیک عمل ذوالجلال دے ۔۔ 

یا مجھ کو غور و فکر سے محروم کر خدا
یا فکر بے حساب دے اچھا خیال دے ۔۔ 

یا ایسے عِلمِ کجروی سے قلب پاک کر 
یا دے صلاحیت تو کہ دنیا مثال دے ۔۔ 

یا ٹوٹے پھوٹے میرے ہُنر کو تمام کر
یا میری فکر کو تو عروجِ کمال دے ۔۔ 

اتنی دعا ہے شبلی کی پُر مغز ہو سُخن 
 اقبالؒ کی طرح ہی سُخن میں جمال دے ۔۔ 

از : شبلی فردوسی ۔۔